ایف بی آئی ٹرمپ سے بھی پوچھ گچھ کرے گی

   

نیویارک : امریکہ کی وفاقی تفتیشی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ پوچھ گچھ کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ 13 جولائی کے روز ریلی میں ہونے والی فائرنگ کے دوران انہوں نے جو کچھ بھی، دیکھا اس بارے میں ان کا نقطہ نظر کیا ہے۔ امریکہ کی وفاقی تفتیشی ایجنسی ایف بی آئی کے حکام نے بتایا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف ہونے والے قاتلانہ حملہ سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس ماہ کے اوائل میں شمال مشرقی ریاست پینسلوینیا میں ایک انتخابی مہم کے جلسے کے دوران تھامس میتھیوز کروکس نامی ایک حملہ آور نے رائفل سے 8 گولیاں چلائی تھیں، جس میں سے ایک سابق صدر کو لگی اور وہ زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملہ میں وہاں موجود ایک شخص ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے تھے، مزید تحقیقات کے بارے میں ایف بی آئی کے خصوصی ایجنٹ کیون روجیک نے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ پوچھ گچھ کی نوعیت کسی بھی متاثرہ شخص کے ساتھ ایک معیاری انٹرویو کی طرح ہی ہو گا۔