ایمسٹ نتائج :انجینئرنگ میں80.41 فیصد ‘ اگریکلچر و میڈیسن میں 88.34 امیدوار کوالیفائی

   

آندھرا کے طلبہ کو ٹاپ رینک، ای سیٹ میں 90.69 امیدوار کوالیفائی، عنقریب کونسلنگ
حیدرآباد ۔12۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ایمسٹ اور ای سیٹ نتائج آج جاری کردیئے گئے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے جے این ٹی یو میں نتائج کی اجرائی عمل میں لائی ۔ ایمسٹ انجنیئرنگ میں 80.41 فیصد طلبہ کوالیفائیڈ قرار دیئے گئے جبکہ میڈیسن اور اگریکلچر ایمسٹ میں 88.34 فیصد امیدوار کوالیفائی ہوئے ۔ انجنیئرنگ اور میڈیسن دونوں اسٹریم میں ٹاپ رینک حاصل کرنے والوں میں آندھراپردیش کے طلبہ کی تعداد زیادہ ہے۔ انجنیئرنگ میں حیدرآباد کے خانم میٹ علاقہ سے تعلق رکھنے والے پی لکشمی سائی لوہت ریڈی نے پہلا رینک حاصل کیا ۔ آندھراپردیش کے سریکا کلم ضلع سے تعلق رکھنے والی این سائی دپیکا کو دوسرا جبکہ پی کارتیکیا (تینالی گنٹور) کو تیسرا ، پی جلا جاکشی (سریکا کلم) کو چوتھا اور ایم ہیما ومشی (سریکا کلم) کو پانچواں رینک حاصل ہوا ۔ اگریکلچر اسٹریم میں جے نیہا (تینالی گنٹور) کو پہلا رینک حاصل ہوا جبکہ وی روہت (وشاکھاپٹنم) کو دوسرا ، کے ترون کمار ریڈی (گنٹور) کو تیسرا ، کے مہیت انجان (کوکٹ پلی) کو چوتھا اور جی سری رام (گنٹور) کو پانچواں رینک حاصل ہوا۔ ایمسٹ انجنیئرنگ امتحانات 18 تا 21 جولائی منعقد ہوئے تھے جس میں 172243 امیدواروں نے رجسٹر کرایا تھا جبکہ 156860 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی ۔ ان میں سے 126140 امیدوار کوالیفائی ہوئے ہیں جن کا فیصد 80.41 ہے۔ اگریکلچر اور میڈیسن اسٹریم میں 94476 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں جبکہ 80575 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی ، ان میں سے 71180 امیدوار کوالیفائی ہوئے جن کا فیصد 88.34 ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ امتحانات کے کامیاب انعقاد پر عہدیدار اور بہتر رینک حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی دشواریوں کے باوجود ایمسٹ امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کے لئے مختلف محکمہ جات کے عہدیدار قابل مبارکباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات اور نتائج کی اجرائی میں تمام تر احتیاط سے کام لیا گیا ہے ۔ وزیر تعلیم کے مطابق انجنیئرنگ اور میڈیسن میں داخلوں کیلئے عنقریب کونسلنگ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کی سہولت کیلئے کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے ایمسٹ کونسلنگ سنٹر قائم کیا جارہا ہے، جہاں کالجس اور کورسس کی تفصیلات موجود رہیں گی۔ ای سیٹ امتحان میں 90.7 امیدوار کوالیفائی قرار پائے ہیں اور کوالیفائی ہونے والے طلبہ کی تعداد 19953 ہے۔ ایمسٹ نتائج کو کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی ویب سائیٹ https://emcet.tsc.he.a-c.in اور ای سیٹ نتائج https://ecet.tsche.ac.in پر مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ر