این آر سی کا خمیازہ۔ بی جے پی و مجلس ڈیٹنشن سنٹر میں

   

جھارکھنڈ انتخابات
این آر سی کا خمیازہ۔ بی جے پی و مجلس ڈیٹنشن سنٹر میں
رانچی 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جھارکھنڈ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں متنازعہ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کا الٹا اثر ہوا ہے اور یہاں عوام نے بی جے پی کو اقتدار سے محروم کرتے ہوئے ایک طرح سے ڈیٹنشن سنٹر میں بھیج دیا ہے جبکہ خود بی جے پی عوام کو شہریت سے محروم کرتے ہوئے انہیں ڈیٹنشن سنٹر بھیجنے کے منصوبے بنا رہی تھی ۔ اسی طرح جھارکھنڈ کے عوام نے مجلس کو بھی پوری طرح سے مسترد کردیا ہے اور وہاں اسے ’نوٹا ‘ سے بھی کم ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ اس طرح مجلس بھی وہاں ڈیٹنشن سنٹر میں چلی گئی ہے ۔ جھارکھنڈ میں ہوئے انتخابات کے نتائج کا آج اعلان کیا گیا ہے جس میں بی جے پی کو شکست ہوئی ہے اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ ۔ کانگریس اور آر جے ڈی اتحاد نے اپنے بل پر جادوئی ہندسہ کو پار کرتے ہوئے ریاست میں اقتدارحاصل کرلیا ہے ۔ یہاں اے جے ایس یو کو دو بی جے پی کو 25 کانگریس کو 16 اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کو 30 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ راشٹریہ جنتادل نے ایک حلقہ سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چیف منسٹر رگھوبار داس کو بھی جمشید پور ایسٹ سے شکست ہوئی ہے ۔