پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ آن کی بہن کم یو جونگ نے یوکرین پر جوہری ہتھیاروں کا مطالبہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے سی این اے کے مطابق کم یوجونگ کا کہنا ہے کہ اس طرح کی درخواست صدر ولودی میر زیلنسکی کے دفتر کی جانب سے سیاسی سازش ہو سکتی ہے لیکن انھوں نے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔گذشتہ ہفتے روسی صدر ولادیمیر پوتین نے یہ اعلان کیا تھا کہ ماسکو بیلاروس میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیار نصب کرنے کا ارادہ رکھتا ہے،اس کے بعد جمعرات کو یوکرین کے صدارتی دفتر کی ویب سائٹ پر ایک عوامی درخواست دائر کی گئی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ یوکرین اپنی سرزمین پر جوہری ہتھیاروں کی تنصیب کرے، یا اسے اپنے جوہری ہتھیاروں سے لیس کیا جائے۔ہفتہ کی سہ پہر تک اس پٹیشن پر صرف 611 دستخط ہوئے تھے اوریہ زیلنسکی کی جانب سے جواب کے لیے درکار 25 ہزار سے بہت کم تھے۔ کیف کے حکام نے ابھی تک اس درخواست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔شمالی کوریا روس کے ساتھ مغرب کی عائد کردہ پابندیوں اور ان کے مشترکہ بائیکاٹ کے نتیجے میں تنہائی کا شکار ہے اور وہ کریملن کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کررہا ہے۔ اس نے گذشتہ سال روس کے یوکرین پر حملے کی حمایت کی تھی۔اس نے یوکرین کے کچھ علاقے کے روس کے ساتھ الحاق کے اعلان کی حمایت کابھی اظہار کیا تھا جبکہ اقوام متحدہ کے بیشتر ارکان نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ تاہم اس نے ماسکو کو اسلحہ مہیا کرنے سے انکار کیا ہے۔