نئی دہلی : عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ہندوستان میں ایک ارب کووڈ ویکسینیشن کو غیر معمولی حصولیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر جان بچانے والی کووڈ ویکسین تک سب کی رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔ڈبلیو ایچ او میں جنوب مشرقی ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر پونم کھیتر پال سنگھ نے جمعرات کو یہاں کہا کہ مختصر وقت میں اتنی بڑی تعداد میں کووڈ کے ٹیکے لگانا ایک غیرمعمولی حصولیابی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سیاسی قیادت، مختلف شعبوں میں ہم آہنگی، صحت اور فرنٹ لائن کے واریرس نیز عام لوگوں کی کوششوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ ایک ارب کووڈکے ٹیکے لگانے کی حصولیابی پر بہت بہت مبارکباد۔ ڈاکٹر کھیتر پال سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی اس کامیابی کو ملک کے ڈیڈیکیشن میں دیکھا جانا چاہیے اور عالمی سطح پر کووڈ ویکسین تک تمام لوگوں کی رسائی یقینی بنانے کی کوشش کی جانی چاہیے ۔