ذاتی کاروبار شروع کرنے کے خواہاں افراد کے لیے خصوصی اورینٹیشن ورکشاپ
کاروباری آئیڈیا سے لے کر تجارتی حکمت عملی و مارکیٹنگ کی تربیت ، زبیر عثمان کا تعاون
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں ملت کی ان چنندہ شخصیتوں میں شامل ہیں جو اپنے قلوب میں ملت کا درد رکھتے ہیں ۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ ملت کے نوجوان تعلیمی اور معاشی لحاظ سے دیگر ابنائے وطن سے پیچھے نہ رہیں ۔ خاص طور پر ملت معاشی طور پر کمزور اور غربت کے دلدل میں پھنسی نہ رہے ۔ سابق صدر جمہوریہ اور میزائیل میان آف انڈیا ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اکثر یہ کہا کرتے تھے کہ خواب دیکھا کرو خواب دیکھنے والوں میں خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر کلام کا ایک اور قول یہ بھی ہے کہ خواب وہ نہیں جو آپ حالت نیند میں دیکھتے ہیں بلکہ خواب وہ ہے جو آپ کو سونے نہیں دیتا یعنی آپ کو خواب غفلت کے شکنجہ میں پھنسنے سے بچاتا ہے چنانچہ جناب عامر علی خاں بھی یہی چاہتے ہیں کہ ملت کے نوجوان لڑکے لڑکیاں ترقی و خوشحالی کے خواب دیکھیں اور ان خوابوں کو شرمندہ تعبیر بھی کریں ۔ ایم ایل سی کی حیثیت سے انہوں نے ریاست کے مختلف اضلاع کے دورے کرتے ہوئے یہ اعلان کیا تھا کہ ایک لاکھ غریب مسلم خاندانوں کو لکھ پتی بنانا ان کا خواب ہے اور اس خواب کو انشااللہ شرمندہ تعبیر کر کے رہیں گے اسی خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی ایک کڑی کے طور پر سیاست ۔ ہب فاونڈیشن قائم کیا گیا جس کے تحت نوجوانوں کو سرکاری غیر سرکاری ملازمتوں اور بیرونی ممالک میں ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے رہنمائی کی جارہی ہے ۔ جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ جناب عامر علی خاں نے ملت کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کو تجارتی شعبہ میں متعارف کروانے اور انہیں کامیاب تاجر و صنعت کار بنانے کی خاطر ایک اور نئی پہل شروع کی ہے جس کے تحت آئیڈیا سے کاروبار کی عملی مارکٹ تک نوجوان نسلوں کی اچھی طرح رہنمائی کی جائے گی چنانچہ دفتر سیاست کے احاطہ میں واقع سیاست آڈیٹوریم میں ایک روزہ اورینٹیشن ورکشاپ کا عنقریب انعقاد عمل میں آئے گا ۔ اس پروگرام کا اہتمام اپ بریج کے زبیر عثمانی کے تعاون و اشتراک سے کیا جارہا ہے ۔ اس کے بعد ایک خصوصی 12 روزہ تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ہر روز ایک کامیاب تاجر و صنعت کار شرکاء کو اپنی کامیابی کے بارے میں بتائیں گے اور ان رازوں سے بھی پردہ اٹھائیں گے جو ان لوگوں کی کامیابی کے پیچھے کارفرما رہے ۔ اس پروگرام میں آپ کو تربیت کے ساتھ ساتھ کامیاب تاجرین کے تجربات سے بھی آگہی حاصل ہوگی ۔ ہر روز پروگرام کے بعد آدھا گھنٹے کے لیے سوال و جواب کا سیشن بھی رہے گا ۔ ایک روزہ ورکشاپ اور 12 روزہ تربیتی پروگرام کے تمام شرکاء کو سیاست ہب فاونڈیشن کی جانب سے سرٹیفیکٹس بھی دئیے جائیں گے ۔ سیاست ہب فاونڈیشن آپ کو ایک کامیاب بزنس مین و بزنس ویمن بنانے کے لیے 10 ماڈیولس اختیار کررہا ہے ۔ جس میں کاروبار شروع کرنے کے عمل سے متعارف کروانے سے لے کر ، بزنس کا آئیڈیا اور اسی آئیڈیا کی قدر اس کی اہمیت کے بارے میں واقف کروانا شامل ہے ۔ اس کے ساتھ ہی بزنس اسٹڈی ( کاروباری جائزہ ) اور اس کی کامیابی کے امکانات کیا ہیں اس بارے میں بھی آپ کو اچھی طرح بتایا جائے گا ۔ کسی بھی کاروبار کو شروع کرنے کے لیے منصوبہ بندی بہت زیادتی اہمیت رکھتی ہے ۔ اس پروگرام میں تاجرین و صنعت کار بزنس پلاننگ سے اچھی طرح واقف کروائیں گے ۔ واضح رہے کہ اگر کوئی کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں تو انہیں سرکاری محکموں کے رہنمایانہ خطوط قانونی تربیت اور رجسٹریشن کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے ۔ سیاست ہب فاونڈیشن کے اس غیر معمولی پروگرام میں لیگل سیٹ اپ اور رجسٹریشن کے ماہرین آپ کی بہتر انداز میں رہنمائی کریں گے اور آپ کو اس قابل بنائیں گے کہ مارکٹ یا بازار میں داخل ہو کر اپنا کاروبار چلانے لگیں گے ۔ یہ ماہرین آپ کو مارکٹ ؍ بازار کی حکمت عملی سے اچھی طرح واقف کروائیں گے ۔ یہ بھی بتائیں گے کہ تجارتی حکمت عملیوں پر عمل اور مہارت کس قدر اہمیت رکھتی ہے یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سرکاری گرانٹس ، مدد اور مراعات کا کسی بھی قسم کے کاروبار شروع کرنے میں اہم کردار ہوتا ہے اس معاملہ میں بھی کاروبار ؍ تجارت شروع کرنے والوں کی رہنمائی کی جائے گی ۔ کیس اسٹیڈی کے ذریعہ آپ میں کاروباری صلاحیتوں کو نہ صرف فروغ دیا جائے گا بلکہ لائیو پراجکٹ وغیرہ کی بھی تخلیق کی جائے گی ۔ اگر آپ ایک کامیاب بزنس مین اور بزنس ویمن بننا چاہتے ہیں تو دئیے گئے QR کوڈ پر اپنے نام درج کروائیں ۔۔
Phone: 9010080300
Website: siasathub.com