اے مہیشور ریڈی تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی فلور لیڈر

   

پی شنکر اور وینکٹ رمنا ریڈی ڈپٹی لیڈرس مقرر
حیدرآباد۔/14فروری، ( سیاست نیوز) نرمل اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے اے مہیشور ریڈی کو تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی کا فلور لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی ہے۔ بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں مہیشور ریڈی کو متفقہ طور پر فلور لیڈر منتخب کیا گیا۔ اس عہدہ کیلئے راجہ سنگھ اہم دعویدار تھے لیکن ارکان کی رائے کی بنیاد پر اسمبلی کا تجربہ رکھنے والے مہیشور ریڈی کو فلور لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی فلور لیڈرس کے طور پر پی شنکر ( عادل آباد) اور کے وینکٹ رمنا ریڈی (کاماریڈی ) کا انتخاب عمل میں آیا۔ راما راؤ پٹیل ( مدہول ) لیجسلیچر پارٹی کے سکریٹری ہوں گے۔ پی ہریش بابو (سرپور ) کو چیف وہپ مقرر کیا گیا جبکہ دھنپال سوریا نارائن گپتا ( نظام آباد اربن ) لیجسلیچر پارٹی کے وہپ ہوں گے۔ پی پرکاش ریڈی ( آرمور ) خازن مقرر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فلور لیڈر کے مسئلہ پر ارکان اسمبلی میں اختلافات کے سبب انتخاب میں دو ماہ کا وقت لگ گیا۔ اطلاعات کے مطابق راجہ سنگھ جو اسمبلی میں فلور لیڈر کی نشست پر بیٹھ رہے تھے، اس فیصلہ سے ناراض ہیں۔ اسی دوران کشن ریڈی نے قانون ساز کونسل میں ٹیچرس زمرہ سے منتخب اے وی این ریڈی کو پارٹی کا فلور لیڈر مقرر کیا ہے۔1