حیدرآباد۔ اے پی میں پنچایت،ضلع پریشد،ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے انعقاد کے سلسلہ میں ریاستی الیکشن کمیشن نے سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ۔اسی کے حصہ کے طورپر سیاسی جماعتوں سے ریاستی الیکشن کمشنر این رمیش کمار نے رائے طلب کی ہے ۔ریاست میں کوویڈ کے معاملات میں کمی کے پیش نظر بیشتر ریاستی حکومتوں کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر قبل ازیں ملتوی کردہ ان انتخابات کو منعقد کرنے کے عمل کا دوبارہ آغاز کیاگیا ہے ۔ریاست کی حکمران جماعت وائی ایس آر کانگریس کے سوا ریاست کی دیگر جماعتوں نے اس اجلاس میں شرکت کی اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت تلگودیشم نے کہا کہ ریاست میں جب بھی یہ انتخابات ہوں گے ان کی پارٹی اس کے لئے تیار رہے گی۔ تلگودیشم کے ریاستی صدر اچن نائیڈو نے یہ بات بتائی۔سی پی آئی کے لیڈر راما کرشنا نے کہا کہ ان انتخابات کے لئے قبل ازیں جاری کردہ اعلامیہ کو منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ نیا اعلامیہ جاری کیاجائے ۔بی جے پی کے لیڈرستیہ نارائنا نے بھی نیا اعلامیہ جاری کرنے کی خواہش کی۔بی ایس پی لیڈرپشپا راجو نے کہاکہ مرکزی دستوں کی نگرانی میں یہ انتخابات کروائے جائیں۔سی پی آئی ایم لیڈر وینکٹشیور راو نے کہا کہ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت سے بھی رائے لی جائے ۔