بارش کے پانی کو محفوظ کرنے جی ایچ ایم سی کی منصوبہ بندی

   

حکومت کی منظوری کا انتظار ۔ عوام کو رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کو فروغ دینے کی اپیل
حیدرآباد۔2۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ بالخصوص جی ایچ ایم سی حدود میں زیر زمین سطح آب میں گراوٹ کے سبب پانی کی قلت کو دور کرنے جی ایچ ایم سی سے بلدی حدود میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور دونوں شہروں میں مکینوں اور جائیداد مالکین کو برسات کے پانی کو بہنے سے بچانے کی بجائے رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کے ذریعہ زمین میں جذب کرنے کے اقدامات کی تاکید کی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اگر شہریوں کی جانب سے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے منصوبہ پر عمل ہوتا ہے تو شہر میں زیر زمین سطح آب میں گراوٹ دور ہونے لگے گی ۔ کمشنر بلدیہ رونالڈ راس کے مطابق بلدیہ کی جانب سے جی ایچ ایم سی حدود میں موجود مکانات ‘ تجارتی و رہائشی کامپلکس کے علاوہ سرکاری دفاتر میں بھی رین واٹر ہارویسٹنگ پٹ کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ دونوں شہروں میں پانی کی قلت سے نمٹنے کو یقینی بنایا جاسکے۔شہر میں برساتی پانی کے بہاؤ اور سیلاب کی شکل اختیار کرنے سے محفوظ رکھنے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کے 5 پارکس کا انتخاب کرکے تیزی سے طوفانی بارش کی صورت میں سیلاب بن کر بہنے والے پانی کا رخ ان پارکس کی جانب موڑنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ان پارکس کی زمین کے ذریعہ یہ پانی سمنٹ اور کنکریٹ کی سڑکوں پر بہنے کے بجائے زمین میں جذب ہوسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ بلدیہ نے برساتی پانی کو جمع کرنے نئی ٹیکنالوجی استعمال کرکے جی ایچ ایم سی کی عمارت کی چھت کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں پلمبر کے علاوہ تعمیراتی مزدوروں کو تربیت فراہم کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ بلدی عہدیداروں کی جانب سے شہریوں میں شعور اجاگر کرنے خصوصی مہم چلانے کی منصوبہ بندی ہے تاکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ مقامات کا اس مقصد کیلئے استعمال کیا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق بلدی حکام کی جانب سے اس منصوبہ کو تیار کرکے حکومت کے پاس روانہ کیا جاچکا ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کی جانب سے منصوبہ کا جائزہ لئے جانے کے بعد قطعیت دے دی جائے گی ۔3