ایمسٹر ڈیم، ہالینڈ: ریل گاڑی کی پٹریوں کے نیچے ایک عرصے سے سرنگ بنا کر رہنے والے بجوؤں نے ہالینڈ کے ریلوے نظام کو شدید نقصان پہنچایا اور کئی جگہوں پر ایک ہفتے تک ریل گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ہے۔ملک کے جنوبی اور شمالی حصے کی ریلوے لائن متاثر ہوکر جگہ جگہ سے بیٹھ گئی ہے۔ اسی طرح ڈین بوش اور باکسٹیل شہروں کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت بالکل ختم ہوکررہ گئی تھی۔ واضح رہے کہ بجو کو ہالینڈ میں تحفظ حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ماہرین اس کا حل بتانے سے قاصر ہیں۔ہالینڈ کی ریل کمپنی، پروریل کے سی ای او جان ووپن کے مطابق ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ ٹرینوں کو روکنا پڑا ہے جس کی وجہ بجوؤں کی زیرزمین سرنگیں ہیں۔ ریل گاڑیاں معمول پر چلانے کیلیے ہمیں مجاز اداروں سے اجازت لینا ہوگی کیونکہ اس سے ان جانوروں کے گھر متاثر ہوں گے۔