واشنگٹن: نئی بجٹ دستاویزات کے مطابق پینٹاگون بحیرہ احمر میں کارروائی کیلئے تعینات بحری جہازوں کو برقرار رکھنے اور ایران اور حوثیوں کے حملے پسپا کرنے کی غرض سے میزائلوں کا ذخیرہ بھرنے کیلئے تقریباً 1.2 بلین ڈالر خرچ کرے گا۔ ان اخراجات کی تفصیل 6 ستمبر کو کانگریس کی دفاعی کمیٹیوں کو جمع کروائی گئی اور آن لائن پوسٹ کی گئی دو بجٹ دستاویزات میں موجود ہے۔ یہ خطے میں امریکہ کی موجودگی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ایران اور اس کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے ڈرونز اور میزائلوں کو مار گرانے کے اخراجات پر روشنی ڈالتی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق سمندر سے داغے جانے والے آر ٹی ایکس کارپوریشن کے اسٹینڈرڈ میزائل۔تھری بلاک ون بی کے دوبارہ ذخیرہ کرنے پر تقریباً 190 ملین ڈالر اور ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے اے آئی ایم سائیڈ ونڈر میزائلوں پر تقریباً 8.5 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔