برساتی نالہ عبور کرتے ہوئے قبائیلی بستی کا دورہ

   

نرمل کانگریس انچارج کے سری ہری کی انسانی ہمدردی ، بارش میں گھر سے محروم خاتون سے ملاقات
نرمل ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سماج میں عوامی مسائل کے حل اور اُن کی تکلیف کو جاننے کیلئے اپنی جان پر کھیل کر وہاں تک پہونچ جانے والے قائدین موجود ہیں ، دو روز سے وقفہ وقفہ سے جاری شدید بارش کی وجہہ مامڑہ منڈل کے ایک موضع ملکاپور کی آدی واسی قبائیلی بستی تک پہونچنے کیلئے کوئی سڑک یا گاڑی کی سہولت موجود نہیں ہے ۔ وہاں پہونچنے کے لئے نالوں اور برساتی گذرگاہوں کو عبور کرتے ہوئے پیدل سفر کرنا پڑتا ہے ۔ بیماری یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بھی اس بستی کے لوگ دنیا سے کٹے ہوئے تنہا زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ دو دن قبل ہوئی شدید بارش کے باعث قبائیلی خاتون سیڈم گنگو بائی کا گھر منہدم ہوگیا ۔ اس واقع کی اطلاع ملنے پر کانگریس پارٹی حلقہ اسمبلی نرمل کے انچارج کے سری ہری راؤ گھٹنوں تک پانی والے نالے اور برساتی راستے عبور کرتے ہوئے ملکاپور قبائیلی بستی کا دورہ کیا۔ انھوں نے گھر سے محروم گنگو بائی سے ملاقات کرکے اُنھیں تسلی دی اور حوصلہ افزائی کی ۔ انھوں نے یقین دلایا کہ اس بستی کے گیارہ آدی واسی قبائیلی خاندانوں کو حکومت کی جانب سے اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت مکانات منظور کروانے کی بھرپور کوشش کریں گے اور یہاں کے حالات سے ضلع کلکٹر سے بھی بات کریں گے ۔ اُن کے ہمراہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔