برطانوی عازمین کو دھوکہ بازوں سے چوکنا رہنے کا انتباہ

   

لندن : سٹی آف لندن پولیس اور ایکشن فراڈ نے برطانوی عازمینِ حج پر زور دیا ہے کہ وہ دھوکے بازوں سے چوکنا رہیں کیونکہ گزشتہ سال مجرموں نے عازمین کو 150,000 پاؤنڈ کا نقصان پہنچایا تھا۔ سٹی آف لندن پولیس کے کمانڈر عمر خان نے کہا ہے کہ حج سے متعلق دھوکا دہی کے اثرات تباہ کن ہو سکتے ہیں کیونکہ بہت سے لوگ اس روحانی سفر پر جانے کے لیے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی کا استعمال کرتے ہیں، اسی لیے یہ ضروری ہے کہ برطانوی عازمین، بشمول اس موسم گرما میں مکہ کا سفر کرنے والے افراد ان مجرموں سے چوکنا رہیں جو فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عازمینِ حج بکنگ کے لیے صرف Nusuk کی آفیشل ویب سائٹ استعمال کریں، نقد رقم کے ذریعہ ادائیگی کرنے سے گریز کریں کیونکہ یہ دھوکا دہی کی اہم علامت ہے اور اگر ہو سکے تو کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کریں۔ سٹی آف لندن پولیس کے کمانڈر عمر خان کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی حج فراڈ سے ماضی میں متاثر ہوا یا آنے والے وقت میں دھوکا دہی کا نشانہ بنے تو اسے ایکشن فراڈ کو اطلاع دینی چاہیے، ہمارے پاس جتنی زیادہ معلومات ہوں گی اتنے ہی بہتر طریقہ سے ہم اس مسئلے پر قابو پا سکیں گے۔ ایکشن فراڈ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2024ء میں حج فراڈ کے سلسلے میں مجموعی طور پر 150,000 پاؤنڈ کے نقصانات کی اطلاع دی گئی تھی۔