لندن : برطانوی شہر برمنگھم میں ایک نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے جسے چاقو کے وار سے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ سوٹن کولڈ فیلڈ کے علاقے ونڈلی کلوز کے قریب ایک کھیت میں پیش آیا، جہاں 31 مارچ کی شام کو 28 سالہ گلد حسین کی نعش ملی۔ پولیس نے بتایا کہ فارنزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ تصدیق ہو گئی ہے کہ حسین کی موت چاقو کے حملے سے ہوئی، تاہم قتل کی وجوہات پر ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات ہر پہلو سے کر رہی ہے۔ پولیس کے مطابق گلد حسین کو آخری بار 25 مارچ کی صبح برمنگھم کے برسٹل روڈ اور بیلگریو مڈل وے کے علاقے میں دیکھا گیا تھا۔ سراغ رساں انسپکٹر ایڈی جارج نے کہا کہ پولیس حسین کی 25 سے 31 مارچ تک کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پولیس نے عوام سے اس کیس سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔