15 فروری کو ریکارڈ 27.82 کروڑ یونٹس برقی کا استعمال ، 500 ٹرانسفارمرس تیار
گرما میں بلا وقفہ برقی سربراہی یقینی بنانے 250 کروڑ کا خصوصی ایکشن پلان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے ڈسکام روزانہ 50 کروڑ روپئے سے زیادہ خرچ کرکے انڈین انرجی ایکسچینج (IEX) سے برقی خرید رہی ہیں جس کی قیمت فی یونٹ 5 روپئے تا 12 روپئے ہے ۔ جاریہ ماہ 15 فروری کو 51 کروڑ کروڑ روپئے کی لاگت سے سب سے زیادہ 6.80 کروڑ یونٹ برقی خریدی گئی ہے ۔ اس مالیاتی سال 2022-23 میں پہلی مرتبہ 15 فروری کو سب کو سے زیادہ یومیہ برقی کی کھپت 27.82 کروڑ یونٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ جب کہ 29 مارچ 2022 کو 28.30 کروڑ یونٹس کا پچھلا بلند ترین ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ ڈسکام کا اندازہ ہے کہ اس ماہ ہی یومیہ برقی کی طلب 30 کروڑ یونٹس سے زیادہ ہوسکتی ہے ۔ طلب کے مطابق برقی کی سربراہی کیلئے گذشتہ ماہ ہی 1050 کروڑ روپئے زیادہ خرچ کئے گئے تھے ۔ تازہ حالت میں حکومت نے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے ۔ جس میں برقی خریدنے 5 ہزار کروڑ روپئے قرض کی ضمانت دی گئی ۔ ماضی میں لیے گئے تین ہزار کروڑ روپئے قرض کی حکومت نے ضمانت نہیں دی تھی ۔ اس لیے انہیں اس سے ایڈجسٹ کیا جارہا ہے ۔ ٹرانسکو نے رورل الیکٹریفیکیشن کارپوریشن (RDC) کو مزید 2 ہزار کروڑ روپئے کا قرض دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مکتوب روانہ کیا ہے ۔ اگر یہ فنڈز موصول ہوجاتے ہیں تو ڈسکام IEX کو برقی کی خریدی کے لیے ادائیگی کرے گی ۔ لیکن حکام کا کہنا ہے کہ یہ کافی نہیں ہے اور مزید فنڈز کی ضرورت ہوگی ۔ برقی کی طلب اور کھپت میں ریکارڈ سطح پر اضافہ ہونے سے برقی ٹرانسفارمرس بھی اوور لوڈ کا شکار ہورہے ہیں ۔ ڈسکام نے وقتا فوقتاً انہیں تبدیل کرنے کے لیے 500 ٹرانسفارمرس کو تیار رکھا ہے ۔ اس کے علاوہ موسم گرما میں برقی کی سربراہی کے لیے خصوصی ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے ۔ کیوں کہ رواں فروری میں ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ جس کے پیش نظر موسم گرما کے دوران برقی کی بلا وقفہ سربراہی کے لیے سب اسٹیشنس ، ٹرانسفارمرس اور دیگر آلات کی مرمت و تبدیلی کے لیے 250 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد اور ورنگل جیسے شہروں میں جہاں بہت ساری آئی ٹی کمپنیاں اور اپارٹمنٹس ہیں ۔ برقی کو بلا وقفہ سربراہی کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں ۔ مثلا اس سال گریٹر حیدرآباد میں برقی کنکشن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ جس کے پیش نظر یوسف گوڑہ خانہ میٹ ، کنڈی گورہ ، میر عالم ٹینک ، جنا چیتنیا ہاوزنگ کالونی اور دبیر پورہ میں 7 نئے سب اسٹیشن کی تعمیرات کو مکمل کرتے ہوئے ان کی خدمات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ مزید تین سب اسٹیشن کا آئندہ ماہ افتتاح کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ مزید دو سب اسٹیشنس قائم کرنے کی منظوری حاصل ہوئی ہے ۔ صرف گریٹر حیدرآباد میں فوری 1700 ٹرانسفارمرس تبدیل کرتے ہوئے زیادہ گنجائش والے ٹرانسفارمرس تنصیب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔ ن