بلدی انتخابات کی حکمت عملی کی تیاریوں میں ہریش راؤ مصروف

   

پارٹی قائدین کیساتھ جائزہ اجلاس، قائدین میں اتحاد پر زور
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) بلدی انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی وزیر فینانس ہریش راؤ نے ضلع کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دینے کا کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے میونسپلٹی کی سطح پر کارکنوں کے توسیعی اجلاس منعقد کئے اور کامیابی کے امکانات سے متعلق سروے رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے پارٹی میں داخلی اختلافات اور گروہ بندیوں کے خاتمہ پر توجہ مرکوز کی ہے۔ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کردیا ہے اور 5 جنوری کو وارڈز کے ریزرویشن اور 7 جنوری کو باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا جائے گا جس کے ساتھ ہی پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا مرحلہ شروع ہوجائے گا۔ حالیہ مجالس مقامی اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے سبب پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہیں۔ 18 سالہ تاریخ رکھنے والی پارٹی کیلئے مسلسل کامیابیوں کا تسلسل غیر متوقع ہے۔ بلدی انتخابات میں صدفیصد کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ ضلع قائدین کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ تمام میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں میں کامیابی کو یقینی بنائیں۔ ظہیرآباد، میدک پارلیمانی حلقوں کے لئے بی بی پاٹل اور کے پربھاکر ریڈی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ ضلع کی 8 میونسپلٹیز میں انتخابی مہم کی نگرانی ہریش راؤ کریں گے ترقی اور فلاحی اسکیمات کو انتخابی ایجنڈہ بنایا جائے گا۔ سنگاریڈی میں کانگریس رکن اسمبلی کے سبب اس میونسپلٹی میں ٹی آر ایس کیلئے مقابلہ کسی قدر سخت ہوسکتا ہے۔