بنگال کی ماؤں بہنوں نے دہشت کو مسترد کرتے ہوئے اچھی حکومت کو منتخب کیا:ریکھا گپتا

   

نئی دہلی، 5 مئی (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تاریخی جیت کی خوشی میں پارٹی کے قومی صدر نتن نبین کے ساتھ منگل کو یہاں سی آر پارک میں واقع ماں کالی مندر میں پوجا ارچنا کی اور آشیرواد لیا۔ محترمہ گپتا نے اس جیت کو ہندوستانی سیاست کا ایک فیصلہ کن موڑ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گنگوتری سے لے کر گنگا ساگر تک بھگوا شان سے لہرا رہا ہے ۔ یہ جیت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ملک کے عوام کا بھروسہ ترقی اور قوم پرستی کی سیاست میں ہی ہے ۔ انہوں نے ‘ناری شکتی وندن ایکٹ’ کا ذکر کرتے ہوئے اپوزیشن پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں نے پارلیمنٹ میں اس بل کی مخالفت کی تھی، بنگال کی ماؤں بہنوں نے انہیں اپنے ووٹ کی چوٹ سے منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ بنگال کی خواتین نے خوف، دہشت اور خوشامد کی سیاست کو مسترد کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ناری شکتی اب اپنے وقار اور حقوق کے لیے کسی بھی جابرانہ طاقت سے ٹکرانے کیلئے تیار ہے۔