بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ کی صدر جمہوریہ سے ملاقات

   

نئی دہلی: بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسن محمود نے جمعہ کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ راشٹرپتی بھون کی ایک ریلیز کے مطابق ڈاکٹر محمود کا خیرمقدم کرتے ہوئے ، صدر نے بنگلہ دیش کی مسلسل چوتھی بار وزیراعظم بننے پر وزیر اعظم شیخ حسینہ کو مبارکباد دی۔ مرمو نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ محترمہ شیخ حسینہ کی قیادت میں بنگلہ دیش ترقی اور خوشحالی کے نئے سنگ میل طے کرے گا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بنگلہ دیش ہندوستان کے مفاد میں ہے اور تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں طرف بے پناہ سیاسی خواہشات ہیں۔ صدر نے سرحد اور سلامتی، تجارت، رابطے ، بجلی، انفراسٹرکچر، عوام سے عوام کے رابطے وغیرہ جیسے دوطرفہ تعاون کے تقریباً تمام شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف ریل، سڑک اور آبی گزرگاہوں کو بحال کر رہے ہیں۔ دونوں اطراف کے عوام اور معیشتیں روایتی طور پر جڑے ہوئے ہیں، اور رابطے کی نئی سہولیات بھی پیدا کی جا رہی ہیں۔