ڈھاکہ : مڈل آرڈر بیٹسمین کُرما بونر کی ناقابل تسخیر نصف سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یہاں بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پانچ وکٹوں کے نقصان کے بعد 223 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ بونر نے 173 گیندوں میں 6چوکوں کی مدد سے 74 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ پہلے ٹسٹ کی چوتھی اننگز میں ریکارڈ ڈبل سنچری اسکور کرنے والے کائیل میئرس 18گیندوں میں صرف 5رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ویسٹ انڈیز جس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ کپتان گریک براتھ ویٹ اور ان کے ساتھی اوپنر جان کیمبل نے پہلی وکٹ کیلئے 66رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ براتھ ویٹ نے 47رنز اور کیمبل نے 36رنز اسکور کئے ہیں ۔ دن کے اختتام پر وکٹ کیپر بیٹسمین جوشوا ڈی سلوا نے ایک چوکے کی مدد سے 22 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ بنگلہ دیش کیلئے ابوزید نے 46رنز اور تیجل اسلام نے 62رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سومیا سرکار نے 30رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔