کراچی ۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ اْنہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا منصوبہ بالکل سمجھ نہیں آیا۔شعیب اختر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی شکست پر اپنے خیالات کا اظہار کے لئے اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ایشان کشن کو پہلے نمبر پر بھیجا گیا جبکہ ہاردک پانڈیا نے آخر میں بولنگ کی، مجھے گزشتہ میچ میں ہندوستان کی گیم پلیننگ بالکل سمجھ نہیں آئی۔اْنہوں نے کہا کہ کوہلی اپنے نمبر پر نہیں کھیلے، روہت شرما کو بھی اْن کے نمبر پر نہیں بھیجا گیا جبکہ اتنے اہم میچ میں بچے سے اوپننگ کروادی۔شعیب اختر نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم اس قدر خوف میں مبتلا تھی کہ وہ مکمل 20 اوورز بھی نہیں کھیل پا رہی تھی ۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے بولنگشعبہ میں جسپریت بمرا کے علاوہ کسی نے بھی مظاہرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کے سوپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو یکطرفہ مقابلے میں 8 وکٹوں سے شکست دی۔اس ناکامی کے بعد ہندوستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو شدید نقصان ہوا ہے۔