سری نگر: جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل خانصاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں جس وجہ سے آس پاس علاقوں کے لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ وترہیل میں لشکر طیبہ (ٹی آر ایف )کے کمانڈر لطیف راتھر سمیت تین جنگجووں کو فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لطیف راتھر کشمیری پنڈت راہل بھٹ اور امبرین بھٹ سمیت متعدد شہریوں کی ہلاکتوں میں براہ راست ملوث ہے ۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل خانصاحب گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بدھوار اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا او راس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔