ڈی جی پی مہیندر ریڈی کا تیقن، گاؤ رکھشکوں کے نام پر ہراسانی، محمد سلیم کی نمائندگی
حیدرآباد۔30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جمیعت القریش حیدرآباد کے ایک وفد نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی قیادت میں ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی سے ملاقات کی۔ ڈی جی پی کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑے جانوروں کی منتقلی کو روکنے کی کوشش کرنے والے اشرار کے خلاف کارروائی کی اپیل کی گئی ۔ محمد سلیم جو جمیعت القریش حیدرآباد کے صدر بھی ہیں، ان کے ہمراہ جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد عارف مکرم ، خازن محمد عبدالقدیر قریشی اور جوائنٹ سکریٹری محمد یعقوب قریشی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ منتقلی کے موقع پر اشرار کے گروپس کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کیا جارہا ہے اور انہیں دھمکیاں دے کر جانوروں کو چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ان سرگرمیوں پر قابو نہیں پایا گیا تو قریش برادری کا بھاری نقصان ہوگا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں تمام ضلع سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو ہدایات جاری کریں گے تاکہ جانوروں کی منتقلی میں تاجروں کو کوئی ہراسانی کا رکاوٹ نہ ہو ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ قریش برادری کا ذریعہ معاش جانوروں کی تجارت ہے۔ گاؤں میں کسان جانوروں کو فروخت کرتے ہیں۔ ان اکثریت کا تعلق غیر مسلم برادری سے ہے۔ جانوروں کی خرید و فروخت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ حالیہ عرصہ میں بعض عناصر خود کو جانوروں کے محافظ ظاہر کرتے ہوئے قریش برادری کو خریدی کے خلاف دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اگریکلچر مارکٹ میں خریدے گئے جانوروں کو سوریا پیٹ میں چھین لیا گیا۔ محبوب نگر روڈ ، ایل بی نگر تا وجئے واڑ ، اپل تا بھونگیر ، شمس آباد تا محبوب نگر اور ابراہیم پٹنم تا ناگرجنا ساگر اس طرح کے واقعات پیش آئے ہیں ۔ جانوروں کو چھین کر جیڈی مٹلہ گاؤ شالہ منتقل کیا جارہا ہے۔ بسا اوقات یہ عناصر ڈرائیورس کو مارپیٹ کر رہے ہیں۔ غیر سماجی عناصر کی ان بڑھتی سرگرمیوں پر فوری روک لگانے کی ضرورت ہے۔ سلاٹر ہاؤزس میں مجلس بلدیہ کی جانب سے وٹرنری آفیسرس کا تقرر کیا گیا ہے جو جانوروں کے بارے میں سرٹیفکٹ جاری کرتے ہیں۔ 2012 ء میں غیر سماجی عناصر نے جانوروں کو چھین کر گوپال گاؤ شالہ منتقل کردیا جو شاہ میرپیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع ہے۔ بعد میں ان جانوروں کو خانگی مارکٹ میں فروخت کردیا گیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ پولیس عید اور تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائے گی اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کو سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا ۔ محمد سلیم صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ گاؤ رکھشکوں کے نام پر فرقہ پرست طاقتوں کے آلۂ کار تاجروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ ٹی آر ایس سیکولر پارٹی ہے اور کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ میں سیکولر حکومت برسر اقتدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس طرح کی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ گائے کے علاوہ دیگر جانوروں کی منتقلی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ محمد سلیم نے کمشنر پولیس سائبر آباد مہیش بھاگوت سے ربط قائم کرتے ہوئے سائبر آباد کے حدود میں گاؤ رکھشکوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی خواہش کی۔