ایئرٹل کا دوسرا ہیڈکوارٹر حیدرآباد رہے گا، ڈیٹا سنٹر اور انفراسٹرکچر کیمپس کے قیام پر غور
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز)چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ میں ایک وسیع ڈیٹا سنٹر اور آرٹیفیشل انٹلی جنس انفراسٹرکچر کیمپس قائم کرنے کے امکانات تلاش کررہی ہے۔ اُنھوں نے بھارتی انٹرپرائزس کے چیرمین سنیل بھارتی متل سے ملاقات کے دوران ڈیٹا سنٹر اور اے آئی انفراسٹرکچر کیمپس کی تجویز پیش کی۔ سنیل بھارتی متل نے چیف منسٹر سے خیرسگالی ملاقات کی جس میں چیف منسٹر نے حیدرآباد میں ایئرٹل کے ڈیجیٹل، کلاؤڈ، سائبر سکیورٹی اور آرٹیفیشل انٹلی جنس آپریشنس کی توسیع پر توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے چندن ریالی ڈیٹا سنٹر پراجکٹ کو جلد شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تلنگانہ حکومت کے ساتھ تال میل قائم کرنے اور مسائل کو تیزی سے حل کرنے کے لئے ایک سینئر ایگزیکٹیو کو نامزد کیا جائے۔ سنیل بھارتی متل نے کہاکہ بھارتی کمپنی حیدرآباد کو ایئرٹل کا دوسرا ہیڈکوارٹر بنانے پر غور کررہی ہے۔ اُنھوں نے یقین دلایا کہ کمپنی ڈیٹا سنٹر کی صلاحیت کو مزید بڑھانے اور فائبر کنکٹویٹی کو وسعت دینے کے اقدامات کرے گی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ حکومت کے تعلیمی شعبہ میں اصلاحات، بیروزگاروں کو مہارت سے آراستہ کرنے کے لئے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام، آئی ٹی آئیز کو اڈوانس ٹیکنالوجی سنٹرس میں تبدیل کرنے اور پالی ٹیکنک کالجس کی ترقی کے بارے میں واقف کرایا۔ سنیل متل نے اعلان کیاکہ بھارتی فاؤنڈیشن کے ذریعہ سرکاری اسکولوں اور اڈوانس ٹیکنالوجی سنٹرس میں زیرتعلیم طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ اُنھوں نے ٹیکنالوجی سنٹرس کی ترقی میں تعاون کا یقین دلایا۔ اِس موقع پر تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں نے حکومت کے ترقیاتی اور سرمایہ کاری سے متعلق منصوبوں سے واقف کرایا۔V/1