بھودان اراضی پر تعمیرات کلکٹر رنگاریڈی کو ہائیکورٹ کی نوٹس

   

حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے رنگاریڈی ضلع کے مہیشورم منڈل کے ناگارم میں واقع بھودان اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کے سلسلہ میں کلکٹر رنگاریڈی نارائن ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے۔ عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی گئی کہ بھودان اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور ریونیو حکام خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ درخواست گذاروں نے عدالت کے سابقہ احکامات کے باوجود کلکٹر کے تساہل کی شکایت کی۔ جسٹس کے لکشمن نے جاننا چاہا کہ کلکٹر نے اِس معاملہ میں ابھی تک رپورٹ پیش کیوں نہیں کی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت سے قبل کلکٹر کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ اِس معاملہ کی آئندہ سماعت 10 اکٹوبر کو ہوگی۔ درخواست گذاروں نے غیرقانونی تعمیرات کے ثبوت کے طور پر تصاویر پیش کی۔ واضح رہے کہ بھودان اراضی کے الاٹمنٹ کے سلسلہ میں ہائیکورٹ میں پہلے ہی مقدمہ زیردوران ہے۔