حساس علاقہ میں گنگا جمنی تہذیب اور امن کی برقراری میں ضلع ایس پی کا اہم کردار ، عوام کا اظہار اطمینان
نرمل؍بھینسہ۔ 23ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نرمل ضلع کے حساس علاقہ بھینسہ میں گنیش وسرجن کے موقع پر منگل کو نکالے گئے جلوس میں ہندو مسلم اتحاد، بھائی چارہ اور گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورت مثال دیکھنے میں آئی۔ جلوس کے دوران ’’ہندو مسلم بھائی بھائی، ہم سب ایک ہیں‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے علاقہ گونج اُٹھا، جبکہ دونوں طبقات کے عوام نے باہمی تعاون اور رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلوس کو پُرامن انداز میں اختتام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بھینسہ میں گنیش وسرجن جلوس ہر سال بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا جاتا ہے اور یہ علاقہ حساس ہونے کے باعث پولیس و انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی ضلع ایس پی ڈاکٹر جی جانکی شرمیلا آئی پی ایس کی نگرانی میں وسیع تر حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ ایس پی نے راست انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے پولیس عہدیداروں کو امن و امان کی برقراری کے لیے ضروری ہدایات دیں۔راجیش مینا آئی پی ایس اور سائی کرن آئی پی ایس نے بھی جلوس کے دوران انتظامات کی نگرانی کرتے ہوئے اسے پُرامن طور پر اختتام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کی جانب سے حساس مقامات پر خصوصی توجہ کے ساتھ مناسب حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔جلوس کے دوران دونوں طبقات کے عوام کی جانب سے جس نظم و ضبط، باہمی احترام اور بھائی چارہ کا مظاہرہ کیا گیا، اس سے علاقہ میں امن و سلامتی کی فضا کو مزید فروغ ملا۔ پُرامن اختتام پر عوام نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس، انتظامیہ اور تمام طبقات کے ذمہ داران کے تعاون کو سراہا۔بھینسہ میں گنیش وسرجن جلوس کا پُرامن اختتام دراصل باہمی اعتماد، رواداری اور گنگا جمنی تہذیب کی مضبوط روایت کی عکاسی کرتا ہے۔