پٹنہ ۔13؍اپریل ( ایجنسیز ) بہار میں نئے چیف منسٹر کی 15 اپریل کو حلف برداری ہوسکتی ہے۔پیر کی صبح وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش پر اعلی سطحی میٹنگ ہوئی۔ اس میں جے ڈی یو کے کارگزار صدر سنجے سنگھ، للن سنگھ، بجیندر یادو، وجے چودھری، شرون کمار اور زماں خان موجود تھے۔اس میں 14 اپریل کو ہونے والی این ڈی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ اور جے ڈی یو کے کوٹے سے بننے والے وزیر اور نشانت کمار کو لے کر بات چیت ہوئی۔میٹنگ ختم ہونے کے بعد ریاستی وزیر زماں خان نے واضح طور پر کہا کہ 15 اپریل کو ہی نئی حکومت کی حلف برداری ہوگی۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ سے نکلنے کے بعد للن سنگھ اور سنجے جھا نے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی رہائش پر جا کر میٹنگ کی۔ یہاں پر لیڈران کے درمیان نئی کابینہ کو لے کر تبادلہ خیال ہوا۔حلف برداری تقریب سے متعلق ڈی ایم کو کئی ہدایات دی گئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کے آنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی بھی پٹنہ آ ئیں گے۔ وزیر اعظم منگل کی شام کو پٹنہ آئیں گے لوک بھون میں رکیں گے اور 15 اپریل کو نئی حکومت کی حلف بردراری میں شامل ہوں گے۔ جے ڈی یو کا واضح طور پر کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ بی جے پی کو ہی طے کرنا ہے۔ دوسری جانب بی جے پی میں وزیر اعلیٰ کے عہدہ کو لے کر تبادلہ خیال جاری ہے۔ مبصر بنے شیوراج سنگھ چوہان کے آنے کے بعد ہی کچھ واضح ہو پائے گا۔ ریاستی صدر سنجے سراؤگی نے صاف طور پر کہا کہ 14 اپریل کو پہلے بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی، اس کے بعد حکومت کی تشکیل کا عمل آگے بڑھے گا۔ سب کچھ طے پروگرام کے مطابق ہی چل رہا ہے۔ بی جے پی کی میٹنگ کے بعد این ڈی اے کی قانون ساز پارٹی کے لیڈران کی میٹنگ ہوگی۔ اس میں تمام اراکین اسمبلی بی جے پی کی جانب سے طے کیے گئے چہرے پر اپنی منظوری دیں گے۔H/A