کچھ مقامات پر معمول سے کم بارش تاہم ذخائر آب کی سطح میں اضافہ
حیدرآباد۔22جولائی (سیاست نیوز) ملک میں جنوب مغربی مانسون جو کہ زرعی پیداوار کیلئے انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے اس میں اہم پیشرفت کے نتیجہ میں ملک کی کئی ریاستوں میں پیداوار بہتر کے امکانات پائے جانے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات اور محکمہ زراعت کے مطابق ملک کی زرعی پیداوار میں انتہائی اہم کردار ادا کرنے والی ریاستوں بہار اور تلنگانہ میں اچھی بارشوں کے باوجود معمول کی بارش میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے لیکن یکم جون کے بعد سے بارشوں کے دوران 60 فیصد زرعی خطہ میں بیج بونے کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جون سے معمول کے مطابق بارشوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن بہار اور تلنگانہ میں کم بارش کا سامنا ہے اس کے باوجود ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔محکمہ زراعت کا کہناہے کہ یکم جون سے جولائی کے وسط تک بارشوں اور ذخائر آب کی سطح میں اضافہ خریف کی پیداوار کیلئے مضبوط سہارا تصور کیا جا رہاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سال گذشتہ کے مقابلہ جاریہ مانسون کے دوران بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی جارہی ہے اور ملک کی کئی ریاستوں میں بارش معمول سے زیادہ ہونے کے نتیجہ میں ذخائر آب کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ ہندوستان میں 60 فیصد سے زائد اراضی پر کاشت کاری کیلئے خریف کی پیداوار کے بیج بوئے جاچکے ہیں اور 18 جولائی کے بعد سے اس میں مزید اضافہ کے امکانات ہیں کیونکہ بارش معمول سے زیادہ ہونے سے دیہی علاقوں میں کاشت کاری کا عمل شروع کیا جاچکا ہے اور آئندہ چند ماہ کے دوران پیداوار میں بہتری ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔3