بی آر ایس رکن اسمبلی 2 ہزار ایکر سرکاری اراضی پر قابض

   

شنکر نائیک کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے شرمیلا کا اعلان

حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے الزام عائد کیا کہ محبوب آباد کے رکن اسمبلی شنکر نائیک نے ان کے خلاف اہانت آمیز الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ محبوب آباد میں پدیاترا کی اجازت منسوخ کرنے کے بعد پولیس نے شرمیلا کو گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کردیا۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ ایک خاتون کے ساتھ توہین آمیز بیان بازی کہاں تک درست ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس رکن اسمبلی ہزاروں ایکر اراضی پر قابض ہیں۔ ان کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کا جب ایک خاتون نے انکشاف کیا اور سوال اٹھائے تو برداشت نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے شنکر نائیک کا ویڈیو میڈیا کے سامنے پیش کیا جس میں رکن اسمبلی نے شرمیلا کے خلاف ریمارکس کئے ہیں۔ شرمیلا نے کہاکہ محبوب آباد میں 2014 میں 2170 ایکر سرکاری اراضی ہے جس میں سے ابھی تک 2100 ایکر اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے۔ ذخائر آب اور گریجن طبقات کی اراضیات کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ناجائز قبضوں کو ثبوت کے ساتھ پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی نے بدعنوانیوں کو چھپانے کیلئے محبوب آباد کے صحافیوں کو پلاٹ دینے کا وعدہ کیا اور ان سے رقومات حاصل کرنے کے بعد دھوکہ دیا گیا۔شرمیلا نے کہا کہ وہ رکن اسمبلی کی بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گی۔ر