دوباک میں ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام سے اتفاق، سڑکوں کی تعمیر کیلئے 35 کروڑ کی منظوری
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) دوباک اسمبلی حلقہ کے بی آر ایس رکن اسمبلی کے پربھاکر ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے دوباک میں ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام کی درخواست کی جس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا۔ چیف منسٹر نے اپنے دفتر کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسکل یونیورسٹی کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی اور دیگر ضروریات کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر نے دوباک اسمبلی حلقہ میں سڑکوں کی تعمیر کی بھی منظوری دی ہے جس پر 35 کروڑ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے۔ بی آر ایس رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی نے چیف منسٹر کی جانب سے فوری مثبت ردعمل پر حلقہ کے رائے دہندوں کی جانب سے اظہار تشکر کیا۔ دوباک اسمبلی حلقہ کے زیرالتواء مختلف مسائل سے چیف منسٹر کو آگاہ کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے یکسوئی کی درخواست کی۔ حبشی پور تا لچا پیٹ ڈبل روڈ کی تعمیر کو چیف منسٹر نے فوری منظوری دی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سڑکوں کی تعمیر پر 35 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دوباک کے دیرینہ مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا تیقن دیا۔1