بی آر ایس و بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رُخ : سرینواس ریڈی

   

خوشحال ریاست کو مقروض بنانے کیلئے بی آر ایس ذمہ دار، عوام اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں
حیدرآباد 12 مئی (سیاست نیوز) وزیر مال ٹی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اور بی آر ایس ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں اور حکومت کے خلاف دونوں مشترکہ مہم چلارہے ہیں۔ کھمم میں ترقیاتی اسکیمات کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ بی جے پی اور بی آر ایس دونوں ایک ہی اسکرپٹ کو عوام میں پیش کرتے ہیں۔ ایک پارٹی اسکرپٹ لکھتی ہے جبکہ دوسری پارٹی اُسے پڑھنے کی ذمہ داری ادا کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت پر تنقیدوں کے بجائے دونوں پارٹیوں کو ریاست کی ترقی میں تعاون کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست تشکیل کے وقت دولتمند ریاست تھی جسے بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں مقروض اور مالیاتی بحران کا شکار بنادیا گیا۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد بی آر ایس دور حکومت کی بے قاعدگیاں منظر عام پر آرہی ہیں۔ وزیر مال نے کہاکہ کانگریس حکومت ایک طرف ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل پیرا ہے تو دوسری طرف بی آر ایس دور حکومت کے قرض کو معہ سود ادا کررہی ہے۔ بی آر ایس حکومت نے 8 لاکھ 19 ہزار کروڑ کا قرض حاصل کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ نئی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل پر کانگریس حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ کھمم ضلع میں بیشتر ترقیاتی کام اختتامی مرحلہ میں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں فلاحی اسکیمات کے آغاز کا ریونت ریڈی حکومت نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ وزیر مال نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں آئے بغیر حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کریں۔1