آج اوڈیشہ کے سابق چیف منسٹر گریدھر گمنگ بی آر ایس میں شامل ہونگے۔ 5 فروری کو ناندیڑ ۔ 17 فروری کو سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر عام جلسے
حیدرآباد۔/26 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے قومی سربراہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ پارٹی کو قومی سطح پر بڑے پیمانے پر توسیع دینے کیلئے پرگتی بھون میں ملک کے مختلف پارٹی قائدین سے سلسلہ وار ملاقات کررہے ہیں۔27 جنوری کو اوڈیشہ کے سابق چیف منسٹر گریدھر گمنگ، ان کے فرزند سشیر کے علاوہ سابق رکن پارلیمنٹ جئے رام پانگی، اوڈیشہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سابق سکریٹری کیلاش کمار حیدرآباد پہنچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ مہاراشٹرا میں بی آر ایس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 5 فروری کو ناندیڑ میں ایک جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے بی آر ایس پارٹی کے ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے قومی سطح پر بی آر ایس کو توسیع دینے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے علاقائی جماعت ٹی آر ایس کو قومی جماعت بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے بعد ملک کے دارالحکومت دہلی میں پہلا جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم 17 جنوری کو کھمم میں بی آر ایس کا پہلا جلسہ عام منعقد کیا گیا جس میں دہلی اور پنجاب کے چیف منسٹرس کے علاوہ اُتر پردیش کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو، سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے شرکت کی تھی۔ اس جلسہ عام کی کامیابی کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے 29 جنوری کو ناندیڑ میں جلسہ عام کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مہاراشٹرا کے مختلف قائدین کو پرگتی بھون مدعوکرکے تین دن تک تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ تاہم وہاں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذالعمل ہونے کی وجہ سے5 فروری کو جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہاراشٹرا قانون ساز کونسل کیلئے دو گریجویٹس اور تین ٹیچرس کوٹہ ایم ایل سی نشستوں کیلئے 30 جنوری کو رائے دہی مقرر ہے اور 2 فروری کو ووٹوں کی گنتی ہوگی جس کی وجہ سے 5 فروری کو ناندیڑ میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں 3 فروری سے اسمبلی کے بجٹ سیشن کا آغاز ہورہا ہے۔ 4 اور 5 فروری کو اسمبلی اجلاس کیلئے وقفہ دیا جارہا ہے لہذا 5 فروری کو ناندیڑ میں جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس جلسہ عام میں سینئر قائدین بی آر ایس میں شامل ہوں گے۔ (سلسلہ صفحہ 6 پر )