مدھو یاشکی گوڑ کا دعویٰ ، بی جے پی کے سرکردہ قائدین کی عنقریب کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد ۔29۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر مدھو یاشکی گوڑ نے سنسنی خیز دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کے 15 ارکان اسمبلی کانگریس سے ربط میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں شمولیت کیلئے بی آر ایس کے 15 ارکان اسمبلی کے تیار ہونے کے باوجود کانگریس پارٹی انہیں شامل کرنے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی انحراف کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گی۔ مدھو یاشکی نے بتایا کہ بی جے پی کے کئی سرکردہ قائدین لوک سبھا چناؤ سے قبل کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ بعض بی آر ایس ارکان اسمبلی اپنی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے کانگریس میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ میں دلچسپی دکھائی تھی لیکن پارٹی نے اس تجویز کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بیشتر سینئر قائدین کانگریس سے ربط میں ہیں اور وہ عام چناؤ سے قبل کانگریس میں شامل ہوں گے۔ نئے صدر پردیش کانگریس کے تقرر کے بارے میں پوچھے جانے پر مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ دیگرریاستوں میں چیف منسٹر بیک وقت پردیش کانگریس کی صدارت پر برقرار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھا چناؤ میں 15 نشستوں پر کامیابی کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔1