لکھنؤ، 22 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے اتر پردیش کے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو تنظیم کو مضبوط کرنے ، عوامی بنیاد (جنادھار) بڑھانے اور آئندہ انتخابات کی تیاریوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال پارٹی کاموں کے سلسلے میں دہلی میں ہیں اور کام مکمل ہوتے ہی جلد واپس لوٹیں گی۔ مایاوتی نے 31 مارچ 2026 کو لکھنؤ میں منعقدہ ریاستی سطح کی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں تنظیم کی توسیع، کیڈر کی مضبوطی، معاشی وسائل کو مستحکم کرنے اور اسمبلی ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جو رہنما خطوط دیے گئے تھے ، ان پر پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے 22 فروری 2026 کو لکھنؤ میں منعقدہ آل انڈیا میٹنگ کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں پارٹی اور موومنٹ کے مفاد میں دی گئی ہدایات کو وقت کی پابندی کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ مایاوتی نے خواتین کے ریزرویشن کے معاملے پر پارٹی کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ 15 اپریل 2026 کو میڈیا میں جو باضابطہ موقف رکھا گیا تھا، اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ اس موضوع پر ابہام کی صورتحال پیدا نہ ہونے دیں اور صحیح معلومات لوگوں تک پہنچائیں۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ خواتین کے ریزرویشن کی حمایت میں پارٹی ڈسپلن کے تحت کسی بھی قسم کا دھرنا، مظاہرہ یا احتجاجی پروگرام منعقد نہ کیا جائے ۔