بی جے پی امیدواروں کا ایک ہفتہ میں اعلان متوقع

   

تلنگانہ میں بی جے پی کے ووٹنگ تناسب میں اضافہ کا دعویٰ: جی کشن ریڈی
حیدرآباد ۔ 27 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ایک ہفتہ میں پارٹی امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کافی مضبوط طاقتور ہے۔ بی جے پی کے ووٹنگ تناسب میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ 2018ء میں بی جے پی کا صرف ایک رکن اسمبلی منتخب ہوا تھا اس کے ایک سال بعد منعقد ہوئے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے چار ارکان پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ وزیراعظم نریندر مودی پر تلنگانہ کے ساتھ ملک کے عوام کی امیدوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ 2023ء کے انتخابات میں بی جے پی کے 8 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے۔ 19 حلقوں پر بی جے پی دوسرے نمبر پر رہی ہے اور ساتھ ہی بی جے پی کے ووٹنگ تناسب میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کے دعویداروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بی جے پی کامیاب ہونے والے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارے گی۔ ریاست کے 17 لوک سبھا حلقوں میں ہر حلقہ سے تین اہم دعویداروں کے ناموں کو بی جے پی کی قومی قیادت کو روانہ کردیا گیا۔ پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے رہی ہے۔ ایک ہفتہ میں بی جے پی امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس عوامی اعتماد کھوچکی ہے۔ کانگریس پارٹی اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی۔ کانگریس حکومت کا 50 یومی اقتدار مایوس کن ہے۔ بی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات کروانے میں کانگریس حکومت ناکام ہوگئی ہے۔2