بی جے پی ‘انتخابی حلقوں کی حدود اپنی مرضی سے طئے کرنا چاہتی ہے ‘ راہول گاندھی

,

   

خواتین تحفظات موجودہ 543 حلقوں میں ہی فراہم کئے جائیں۔ بل پہلے ہی منظور ہوچکا ہے ۔ حد بندی کمیشن پر بھی بی جے پی کا کنٹرول ہوگا
اپوزیشن کے اثر والے حلقوں کے حدود تبدیل کرکے مخصوص قائدین کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔ قائد اپوزیشن کی پریس کانفرنس

نئی دہلی، 28 نومبر (یواین آئی) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے مودی حکومت پر الزام لگایا کہ حدبندی کے مجوزہ نظام میں لوک سبھا کی 850 نشستوں کی جو تجویز رکھی گئی ہے ، اس سے بی جے پی کو انتخابی حلقوں کی حدود اپنی سہولت کے مطابق طے کرنے کی کھلی چھوٹ مل جائے گی۔ راہول گاندھی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بی جے پی 543 کی بجائے 850 نشستوں کی بات کر رہی ہے اور اس کیلئے خواتین ریزرویشن کو بنیاد بنایا جا رہا ہے ، جبکہ خواتین ریزرویشن کا بل منظور ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ریزرویشن موجودہ 543 نشستوں پر نافذ کیا جا سکتا ہے اور اس کیلئے 850 نشستوں کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اصل سوال 850 نشستوں کا ہے ، کیونکہ اتنی تعداد میں نشستیں کرنے سے انتخابی حلقوں کی حدود میں تبدیلی کی جا سکے گی۔ اس سے بی جے پی کو سیاسی مفاد کے مطابق انتخابی حلقوں کی ازسرنو تشکیل، اپوزیشن کے اثر والے علاقوں کو کمزور کرنے اور اپوزیشن قائدین کو نشانہ بنانے کا موقع مل سکتا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ حدبندی کمیشن کی مجوزہ ساخت بھی سنگین تشویش کا موضوع ہے ۔ کمیشن میں ایک رکن سپریم کورٹ کے سابق جج ہوں گے ، جن کا انتخاب نریندر مودی اور امیت شاہ کریں گے ، جبکہ تیسرے رکن کے انتخاب کا طریقہ بھی ایسا جس سے کمیشن پر حکومت کا اثر و رسوخ برقرار رہے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا کردار بھی اس عمل میں اہم ہوگا اور ان کے فیصلوں کو عدالت میں چیلنج کرنے کی گنجائش نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر قبضہ ہو چکا ہے اور اب حدبندی کمیشن کو فعال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح الیکشن کمیشن پر سوال اٹھے ہیں، اسی طرح حدبندی کمیشن کی تشکیل کا طریقہ بھی مودی اور شاہ کو انتخابی حلقوں کے نقشے پر وسیع کنٹرول فراہم کرے گا۔ بی جے پی 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر حدبندی کرنا چاہتی ہے ، جبکہ کانگریس تازہ ترین مردم شماری کے اعداد و شمار اور 2027 کی ذات پر مبنی مردم شماری کو بنیاد بنانے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کو الگ رکھ کر 2011 کے اعداد و شمار پر انحصار کرنے سے سماجی انصاف متاثر ہوگا اور درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کی سیاسی نمائندگی پر اثر پڑے گا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ لوک سبھا میں ریاستوں کی موجودہ نشستوں کے تناسب کو متاثر کیے بغیر حدبندی کی جائے ، تازہ اعداد و شمار استعمال کیے جائیں ۔ حدبندی کمیشن میں تمام جماعتوں کی شمولیت کا نظام بنایا جائے ۔ انہوںکا کہنا ہے کہ خواتین تحفظات 850 نشستوں سے جوڑنے کی بجائے 543 نشستوں پر نافذ کیا جا سکتا ہے اور اس میں او بی سی کیلئے ذیلی کوٹہ بھی ہونا چاہیے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کے 80 فیصد لوگ اور تقریباً 100 فیصد جین زی کا ماننا ہے کہ مودی، شاہ اور گیانیش کمار انتخابات میں دھاندلی کرتے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا کہ اس نے 14 کروڑ ووٹرس کو ووٹر لسٹ سے خارج کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کمیشن کے مطابق یہ ووٹرس جائز نہیں تھے تو 2024 کے انتخابات کو جائز کیسے مانا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سوال اٹھائے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے کردار سے متعلق کافی معلومات ہیں۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے ووٹوں کی چوری کے راستے کو 45 فیصد تک بند کر دیا اور آئندہ بھی کام جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان اور جین زی خوف زدہ نہیں ہونگ ۔ جب نوجوان حکومت کے خلاف کھڑے ہوتے ہیں تو یہ جمہوریت کیلئے اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کو آمریت کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہی ہے ، لیکن اپوزیشن اور ملک کے نوجوان ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔