نئی دہلی ۔ 25 اگست (ایجنسیز) عصمت دری معاملے میں قصوروار ٹھرائے گئے ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کے پھر جیل سے باہر آنے پر کانگریس نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ بی جے پی خواتین کے ریزرویشن اور خواتین کو بااختیار بنانے کے نام پر خواہ جتنا بھی مگر مچھ کا آنسو بہا لے، یہ سب سستے ٹی وی سیریل جیسا ڈرامہ ہے۔کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے ایکس پر لکھا کہ ’’بی جے پی خواتین کے ریزرویشن اور خواتین کو بااختیار بنانے کے نام پر خواہ جتنا بھی مگرمچھ کے آنسو بہا لے، یہ سب سستے روزانہ چلنے والے ٹی وی سیریل جیسا ڈرامہ ہے۔ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ پارٹی عصمت دری کرنے والوں کا ساتھ دینے والی اور خواتین مخالف ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’ڈیرہ سچا سودا کا سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ، جو عصمت دری کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا جا چکا ہے اور 20 سال کی سزا کاٹ رہا ہے، کو 17ویں بار پیرول دی گئی ہے۔
2017 میں گرفتاری کے بعد سے وہ پہلے ہی 450 سے زائد دن جیل سے باہر گزار چکا ہے۔‘‘ اپنی پوسٹ کے آخر میں پون کھیڑا لکھتے ہیں کہ ’’اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی بیٹیاں محفوظ رہیں تو اس ملک کو بی جے پی سے آزاد کریں۔‘‘