بی جے پی سے تلگودیشم ۔ جنا سینا اتحاد کی آندھرا پردیش میں انتخابی مفاہمت

   

چندرا بابو نائیڈواور پون کلیان کی ملاقات، این ڈی اے میں شمولیت کیلئے عنقریب دہلی روانگی
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں تلگودیشم ۔ جنا سینا اتحاد کی بی جے پی کے ساتھ مفاہمت کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔ صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو سے جنا سینا کے سربراہ پون کلیان نے آج امراوتی میں ملاقات کی۔ طویل ملاقات میں دونوں قائدین نے امیدواروں کے انتخاب، مشترکہ انتخابی حکمت عملی اور بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے میں شمولیت جیسے امور پر بات چیت کی۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی سے نشستوں پر مفاہمت کے مذاکرات کیلئے دورہ دہلی پر غور کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی سے مفاہمت کے سلسلہ میں پون کلیان دہلی میں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت سے ربط میں ہیں مفاہمت کے طئے ہونے کی صورت میں اسمبلی اور لوک سبھا کی اُن نشستوں کا جائزہ لیا جائے گا جو بی جے پی کو الاٹ کی جاسکتی ہیں۔ دونوں قائدین کی ملاقات میں انتخابی مفاہمت طئے کرنے کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ بی جے پی سے مفاہمت کو قطعیت دیئے جانے کے بعد لوک سبھا اور اسمبلی کے تمام امیدواروں کا ایک ہی ساتھ اعلان کردیا جائے گا۔ پون کلیان اور چندرا بابو نائیڈو نے تینوں پارٹیوں کی انتخابی مہم کے آغاز کیلئے جلسوں کے انعقاد پر بات چیت کی۔ مشترکہ انتخابی منشور پر غور کیا گیا تاکہ عوام سے جو وعدے کئے جائیں ان پر تینوں پارٹیوں کا اتفاق رائے ہو۔ اطلاعات کے مطابق چندرا بابو نائیڈو اور پون کلیان بہت جلد نئی دہلی روانہ ہوں گے اور بی جے پی قیادت سے مفاہمت طئے کریں گے۔ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ این ڈی اے میں شمولیت سے پارٹیوں کو لوک سبھا اور اسمبلی چناؤ میں فائدہ ہوگا۔1