جے پی نڈا کے الزامات محض دکھاوا، فلم اسٹار وجئے شانتی کا رد عمل
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس کی قائد اور فلم اسٹار وجئے شانتی نے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ سے سوال کیا کہ بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا کو حکومت کے خلاف الزامات کا ثبوت پیش کرنے کا چیلنج کرنے سے قبل کیا انہوں نے اپنے والد کے سی آر کی اجازت حاصل کی؟ ۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے کارگذار صدر نے الزام عائد کیا تھا کہ آبپاشی پراجکٹس کے نام پر ٹی آر ایس حکومت کروڑہا روپئے کی بدعنوانیوں میں ملوث ہے جس پر کے ٹی راما راؤ نے انہیں ثبوت پیش کرنے کا چیلنج کیا۔ وجئے شانتی نے کے ٹی آر کے چیلنج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے چیلنج سے قبل کیا انہوں نے اپنے والد سے اجازت لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں کیلئے ذمہ دار گلوبرینا کمپنی کے حکومت میں شامل اہم افراد سے تعلقات کے بارے میں اپوزیشن قائدین کے الزامات پر کے ٹی آر نے اسی طرح کا چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انٹر طلبہ کی خودکشی کے واقعات پر صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے چیف سکریٹری تلنگانہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ صدر جمہوریہ نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے انہیں رپورٹ پیش کریں۔ وجئے شانتی نے کہا کہ اس قدر سنگین معاملہ پر کے سی آر نے کہا تھا کہ یہ اپوزیشن جماعتوں کی سازش ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے کارگذار صدر جے پی نڈا سے مطالبہ کیا کہ انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا اعلان کریں۔انہوں نے کہا کہ محض الزام تراشی کے بجائے بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے ذریعہ بی جے پی اپنی سنجیدگی کو ثابت کرے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی سازش قرار دیتے ہوئے تنقید کرنے سے قبل کے سی آر اپنے فرزند سے معلومات حاصل کرتے تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر دور حکومت میں جو بے قاعدگیاں ہوئی ہیں ان تمام پر بی جے پی حکومت کو تحقیقات کرنی چاہیئے۔