پارٹی قائدین پرچہ نامزدگی کیلئے تیار رہیں، بی جے پی پر رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تحفظات کے حق میں حکومت کی جانب سے ہائی کورٹ میں ٹھوس دلائل پیش کئے گئے ہیں اور انہیں امید ہے کہ 42 فیصد تحفظات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی۔سماعت کے بعد گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مجالس مقامی چناؤ کے پہلے مرحلہ میں پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا کل 9 اکتوبر سے آغاز ہوگا۔ زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی نشستوں کے لئے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکنوں کو نامزدگی کے ادخال کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ میں بی سی تحفظات کے مقدمہ میں کامیابی یقینی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ 1930 کے بعد تقریباً 90 سال کے وقفہ کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ میں طبقاتی سروے کا اہتمام کیا گیا ۔ انہوں نے بی جے پی پر تحفظات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اسمبلی میں بل کی تائید کی گئی لیکن مرکزی حکومت سے بل کی منظوری کیلئے نمائندگی نہیں کی جارہی ہے ۔ اسمبلی میں تمام سیاسی پارٹیوں نے بل کی تائید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری سنجیدگی کے ساتھ تحفظات پر عمل آوری کی خواہاں ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے تحفظات کے مقدمہ میں کامیابی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجالس مقامی میں 90 فیصد نشستوں پر کانگریس کامیاب ہوگی۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر اور وی سری ہری نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے ذریعہ سماجی انصاف پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو تحفظات کی تائید میں عدالت سے رجوع ہونا چاہئے ۔ وی سری ہری نے کہا کہ بعض عناصر تحفظات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔1