بی سی تحفظات پر بی آر ایس اور بی جے پی سیاست ترک کردیں

   

کانگریس قائد ٹی جیون ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ بی سی تحفظات کے مسئلہ پر غیر ضروری تنازعہ سے گریز کریں تاکہ پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف کے حصول میں رکاوٹ نہ ہو۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے فیصلے پر بی جے پی اور بی آر ایس سیاست کررہے ہیں۔ سیاسی مقصد براری کے لئے بی سی تحفظات کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں طبقات کے درمیان اشتعال انگیزی کے ذریعہ ماحول کو بگاڑنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات کے بل کو اسمبلی اور کونسل میں تمام سیاسی پارٹیوں کی تائید سے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ دستور کے 9 ویں شیڈول میں تحفظات کو شامل کرنے کے لئے مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کے ذریعہ تعلیم اور روزگار میں بھی پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات حاصل ہوں گے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو 4 فیصد تحفظات کی فراہمی یقینی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر بی سی تحفظات کی تائید کریں۔ حکومت نے پنچایت راج قانون 2018 میں ترمیم کے ذریعہ آرڈیننس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ 1