بی سی طبقات کے حقوق کیلئے کانگریس کی مسلسل جدوجہد

   

شمس آباد میں کل جلسہ عام ، پوسٹرس کی اجرائی ، پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ ، رکن اسمبلی وی شنکر کا خطاب
شادنگر ۔ 2 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر رکن اسمبلی اور ٹی پی سی سی او بی سی سیل کے چیرمین ویرلا پلی شنکر نے کہا کہ سماجی انصاف بی سی طبقات کا آئینی حق ہے اور آبادی کے تناسب سے بی سی طبقات کو ان کا جائز حصہ ملنا چاہیے۔ رنگاریڈی ضلع کے شمس آباد میں 4 تاریخ کو منعقد ہونے والے بی سی طبقات کے عظیم الشان جلسۂ عام سے متعلق پوسٹرس اور پمفلٹس جمعہ کے روز حیدرآباد میں ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے جاری کیا۔اس موقع پر ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ اور رکن اسمبلی ویرلا پلی شنکر نے کہا کہ ملک میں بی سی طبقات کے حقوق کے حصول کے لیے کانگریس پارٹی مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ ویرلا پلی شنکر نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت بی سی طبقات کے ساتھ انصاف کرنے میں غفلت برت رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک بی سی طبقات کو آبادی کے تناسب سے ان کا جائز حصہ نہیں دیا جاتا، جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جاری مردم شماری میں بی سی طبقات کو خصوصی شناخت فراہم کرنا ضروری ہے۔ او بی سی طبقات کی آبادی کے اعداد و شمار واضح طور پر سامنے آنے کی صورت میں ہی انہیں مناسب نمائندگی اور ان کے حقوق حاصل ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کانگریس کے سینئر قائد راہول گاندھی کی جانب سے کی گئی بھارت جوڑو یاترا کے دوران آبادی کے تناسب سے بی سی طبقات کو حقوق فراہم کرنے کے مطالبہ کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ مردم شماری میں بی سی طبقات کو مناسب شناخت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ ویرلا پلی شنکر نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کے سینئر قائد راہول گاندھی کو مدعو کرتے ہوئے متحدہ رنگاریڈی ضلع میں لاکھوں بی سی افراد کی شرکت کے ساتھ بڑے پیمانے پر او بی سی جن گرجن جلسہ منعقد کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس پروگرام میں مارکیٹ کمیٹی وائس چیئرمین محمد علی خان بابر، شادنگر میونسپل چیئرمین اگنّور بسویشور، کتور اور نندی گاوں مشترکہ منڈلوں کے سابق ایم پی پی شیوشنکر گوڑ، بلاک کانگریس صدر بالراج گوڑ، جیٹّا مہندر سمیت او بی سی قائدین، مقامی عوامی نمائندے، مختلف منڈلوں کے کانگریس قائدین، کونسلرز اور بی سی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔