بی یو ایم ایس کی نشستیں بحال کروانے محکمہ آیوش کی سرگرمیاں تیز

   

’ سیاست ‘ کی مسلسل توجہ دہانی کے بعد حکومت کی ہدایات ۔ ڈائرکٹر آیوش ہوئیں سرگرم
حیدرآباد۔22۔ستمبر۔(سیاست نیوز) بی یوایم ایس کی نشستوں کو بحال کروانے حکومت تلنگانہ کے محکمہ آیوش کی سرگرمیاں تیز ہوچکی ہیں اور توقع ہے کہ ڈائرکٹر محکمہ آیوش سے میڈیکل کمیشن سے نشاندہی کردہ خامیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد گورنمنٹ نظامیہ یونانی طبی کالج کی نشستوں پر داخلوں کو بحال کرنے اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا۔ محکمہ صحت کی نااہلی بالخصوص ضلع انتظامیہ اور محکمہ آیوش کی لاپرواہی سے بی یوایم ایس کا واحد کالج داخلوں سے محروم ہوگیا تھا اور ’روزنامہ سیاست‘ میں توجہ دہانی کے بعد یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت نے محکمہ آیوش کو فوری بی یو ایم ایس اور پوسٹ گریجویٹ کی نشستوں کی بحالی کے اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی ہدایت کے بعد ڈائرکٹر آیوش گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج چارمینار میں موجود یونانی میڈیسن کی نشستوں کی بحال کیلئے سرگرم ہوچکی ہیں۔ بتایا گیا کہ نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن کے حکام نے تلنگانہ محکمہ آیوش کے ذمہ داروں کو تیقن دیا کہ وہ بی یو ایم ایس نشستوں پر داخلہ کیلئے درخواست اور نشاندہی کردہ 17 خامیوں کو دور کرنے تحریری تیقن کا جائزہ لینے کے بعد بی یو ایم ایس کی 94 اور پوسٹ گریجویشن کی 45 نشستوں کی بحالی کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔ بتایا گیا کہ کمیشن کے عہدیداروں اور ذمہ داروں نے وزارت صحت اور محکمہ آیوش کی سخت سرزنش کرکے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے مذکورہ خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے اور کئی برسوں سے محکمہ آیوش کے عہدیدار ان خامیوں کو دور کرنے کا تحریری تیقن دے کر بی یو ایم ایس کی نشستوں پر داخلوں کی اجازت حاصل کر رہے ہیں ۔ کمیشن نے بتایا کہ سال گذشتہ اور گذشتہ سے پیوستہ سال بھی محکمہ آیوش اور وزارت صحت کے حکام نے تحریری تیقن پیش کرکے داخلوں کی اجازت حاصل کی تھی ۔ کے باوجود ان خامیوں کو دور نہیں کیا گیا جو افسوسناک ہے۔دواخانہ اور کالج ذمہ داروں کا کہناہے کہ محکمہ صحت اور آیوش سے کالج انتظامیہ کی مؤثر نمائندگی نہ ہونے کے نتیجہ میں گورنمنٹ نظامیہ یونانی طبی کالج کی حالت ناگفتہ ہوچکی ہے اسی لئے فوری کالج انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لاکر کالج کے حالات کو بہتر بنایا جانا ضروری ہے۔3/k/b