بیٹیوں کی پیدائش پر شوہر کا ظلم ۔ ہندوستانی نژاد خاتون کی امریکہ میں خودکشی

   

نئی دہلی/ نیویارک : امریکہ کے شہرنیویارک میں گھریلو تشدد سے تنگ آکرہندوستانی نڑاد خاتون نے خودکشی کر لی۔ خاتون کی شناخت مندیپ کورکے طورپرکی گئی ہے اور وہ یوپی کے بجنور کی رہنے والی تھی۔ خودکشی کرنے سے پہلے اس نے ایک ویڈیو ریکارڈ کر کے اپنا درد بیان کیا۔دوسری جانب مندیپ کور کے ارکان خاندان کا الزام ہے کہ اس کا شوہر رنجوت ویر سنگھ شادی کے چند ماہ بعد ہی مندیپ کو ہراساں کررہا تھا۔مندیپ کورکو دو لڑکیاں بتائی گئی ہیں جن میں سے ایک کی عمر چھ سال اور دوسری کی چار سال۔ الزام ہے کہ بیٹیوں کو جنم دینے کے بعد مندیپ کا شوہر اس کے ساتھ برا سلوک کرنے لگا تھا۔ اس وجہ سے رنجوت ویر سنگھ کئی سال سے اپنی بیوی کو مارتا تھا۔ خودکشی سے پہلے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں مندیپ نے بتایا کہ ’’آٹھ سال ہو گئے ہیں، اب میں روزانہ کی مار پیٹ برداشت نہیں کر سکتی‘‘۔ پنجابی میں بات کرتے ہوئے مندیپ کور نے ویڈیو میں اپنے شوہر اور سسرال والوں پر خودکشی پر مجبور کرنے کا الزام لگایا ہے۔ وہ روتے ہوئے کہ رہی تھی “ابا میں مرنے والی ہوں، مجھے معاف کر دیں۔’’ اس کے کچھ دیر بعد اس نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی۔متوفیہ کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ بیٹیوں کوجنم دینے کی وجہہ سے شوہراسے ہراساں کرکے اس پرتشدد کررہا تھا ۔