نئی دہلی :سپریم کورٹ نے تاج محل کے 500 میٹر کے اندر تمام تجارتی سرگرمیاں فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے آگرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ اپنی ہدایت کی تعمیل کو یقینی بنائے۔معلومات کے مطابق، سپریم کورٹ نے درخواست کو منظوری دے دی ہے، جس میں متعلقہ اتھارٹی کو 17 ویں صدی کی یادگار (تاج محل) کے 500 میٹر کے اندر تجارتی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی ہدایت کی گئی تھی۔جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس اے ایس اوکا کی بنچ نے اپنے حکم میں کہاکہ ہم درخواست میں کی گئی دعا کو قبول کرتے ہیں۔ ہم آگرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ یادگار تاج محل کی حدود یا دیوار سے 500 میٹر کے اندر تمام تجارتی سرگرمیاں ہٹا دیں۔بنچ نے امیکس کیوری کے سینئر ایڈوکیٹ اے ڈی این راؤ کی عرضداشتوں کو ریکارڈ پر لیا کہ تاج محل کے قریب تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی ہدایات جاری کرنا محفوظ یادگار کے مفاد میں ہوگا۔ راؤ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی مئی 2000 میں اسی طرح کا حکم جاری کیا تھا لیکن وقت گزرنے کے پیش نظر اس ہدایت کا اعادہ کرنا مناسب ہے۔ بنچ نے راؤ سے اتفاق کیا۔