تاریخی قدیم بادشاہی عاشورخانہ کی عظمت رفتہ بحال کی جائے گی

   


قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور آغا خان ٹرسٹ کی خدمات سے استفادہ: اروند کمار

حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت نے پرانے شہر کی قدیم و تاریخی عمارت بادشاہی عاشورخانہ کی عظمت رفتہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ تاریخی عمارت خستہ حالی کا شکار ہوچکی تھی۔ حکومت کی جانب سے اس تاریخی عمارت پر خصوصی توجہ نہ دینے کے باعث مقامی عوام میں تشویش پائی جارہی تھی۔ میڈیا اور سوشل میڈیا میں بادشاہی عاشورخانہ کی تاریخی اہمیت اور اس کی خستہ حالی پر کئی خبریں شائع و نشر ہوچکی ہے۔ حالیہ کچھ عرصہ سے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے تاریخی عمارتوں، تہذیبی ورثہ کا تحفظ کرنے اور اس کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے وسیع تر اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں۔ حیدرآباد کے پرانے اور نئے شہر کے کئی تاریخی عمارتوں کی عظمت رفتہ دوبارہ بحال کی گئی ہے اور کئی مزید کام جاری ہیں۔ قلی قطب شاہ کے دورحکمرانی کے دوران 1594 میں تاریخی بادشاہی عاشورخانہ کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی۔ چارمینار کے قریب یہ تاریخی عمارت شہر کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ ماہ محرم کے دوران اس کو مقدس مقام کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے تاریخی بادشاہی عاشورخانہ کا دورہ کیا۔ عمارت کا عہدیداروں کے ساتھ معائنہ کیا۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور آغاخان ٹرسٹ کے تعاون و اشتراک سے بادشاہی عاشورخانہ کی عظمت رفتہ بحال کرنے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر جی ایچ ایم سی چارمینار زونل کمشنر اشوک سمراٹ، ایچ ایم ڈی اے کے عہدیدار موجود تھے۔ن