تاریخی چارمینار کے دامن میں آوارہ کتوں کی بہتات

   

راہگیروں اور صبح کی اولین ساعتوں میں چہل قدمی کرنے والوں کو مشکلات
حیدرآباد۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں صبح کی اولین ساعتوں میں چہل قدمی کیلئے پہنچنے والوں کو آوارہ کتوں کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور چہل قدمی کرنے والوں کو آوارہ کتوں کے حملوں کے خدشہ کے سبب پیدل راہرو پراجکٹ کے حصہ میں چہل قدمی کرنے والوں میں خوف کا عالم دیکھا جا رہاہے۔ چارمینار کے دامن میں پیدل راہرو پراجکٹ کے درمیان شہریوں کی جانب سے صبح فجر کے بعد ایک گھنٹے کے لئے چہل قدمی کی جا رہی ہے اور شہری ان حدود میں چہل قدمی کرتے ہوئے صحت مند رہنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ چارمینار کے دامن میں چہل قدمی کرنے والوں میں نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ضعیف العمر شہری بھی شامل ہیں لیکن صبح کے وقت آوارہ کتوں کی دہشت اس حصہ میں راہگیروں کو مشکلات میں مبتلاء کئے ہوئے ہے۔ چہل قدمی کے لئے پہنچنے والوں نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ چارمینار پیدل راہرو کے حدود میں موجود آوارہ کتوں کو پکڑنے کے اقدامات کے ذریعہ شہر کے اس تاریخی حصہ کو شہریوں کے لئے محفوظ بنانے کے اقدامات کریں۔ بتایاجاتا ہے کہ صبح کی اولین ساعتوں کے دوران تاریخی چارمینار کے دامن میں لاڈ بازار ‘ گلزار حوض ‘ سردار محل کے علاوہ مکہ مسجد کے روبروسڑک پر آوارہ کتوں کی بہتات اس علاقہ میں صبح پہنچنے والوں کے لئے پریشان کن ثابت ہورہی ہے۔