نئی دہلی: دہلی کی مختلف تجارتی تنظیموں اور صنعت کاروں کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے حوالے سے آج اپنی تجاویز پیش کیں۔ گپتا نے ‘ترقی یافتہ دہلی’ پروگرام کے تحت کاروباری اور صنعت کی دنیا کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ اس پروگرام کا اہتمام کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس ( سی اے آئی ٹی ) کے قومی جنرل سکریٹری اور چاندنی چوک حلقے کے رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال نے کیا تھا۔ اس دوران محترمہ گپتا نے تاجر برادری کے خدشات کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دلایا کہ ان کی تجاویز کو بجٹ بنانے کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔ کھنڈیلوال نے کہا “دہلی کی ترقی میں تاجروں کا اہم کردار ہے اور ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ حکومت تاجروں کی ضروریات اور خدشات کو ترجیح دے رہی ہے ۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی ترقی کی راہ پر درست سمت میں گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان بہتر تال میل کی بنیاد رکھی ہے اور دہلی کی مجموعی ترقی میں کاروباری دنیا کے اہم کردار کو اجاگر کیا ہے ۔