ترنمول کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ کلیان بنرجی پر حملہ

,

   

ہوگلی، 31 مئی (یو این آئی) مغربی بنگال کے ضلع ہوگلی میں اتوار کے روز ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکنِ پارلیمنٹ کلیان بنرجی پر حملہ کیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں وہ سڑک پر گر پڑے تاہم انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔کلیان بنرجی اپنی پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی پر ہونے والے حملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے چندیتلا تھانے میں ایک یادداشت پیش کرنے جا رہے تھے ۔ وہ نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھ رہے تھے کہ پولیس نے انہیں روک لیا۔ اسی دوران کسی نامعلوم شخص نے پیچھے سے ان کے سر پر وار کر دیا، جس سے وہ درد سے کراہتے ہوئے زمین پر گر پڑے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز ابھیشیک بنرجی پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب وہ پارٹی کے ایک حامی خاندان سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے ۔ یہ واقعہ ضلع جنوبی 24 پرگنہ میں پیش آیا تھا۔ ابھیشیک بنرجی پر حملے کے سلسلے میں پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کیا ہے ، جبکہ ریاستی حکومت نے انہیں ایکس کیٹیگری سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ترنمول کانگریس نے کلیان بنرجی پر حملے کو مکمل طور پر لاقانونیت قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت پر حملہ بتایا ہے ۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انتخابی نتائج کے اعلان کو 26 دن گزر چکے ہیں، لیکن انتخاب کے بعد ہونے والا تشدد بدستور بلا روک ٹوک جاری ہے ۔
پارٹی نے سوال اٹھایا کہ آخر ان شرپسند عناصر کو تھانے کے باہر جمع ہونے کی اجازت کیسے دی گئی، اور پولیس کی موجودگی میں پتھراؤ کیسے ممکن ہوا۔