پرتاپ گڑھ: ہر گھر پر ترنگا لہرانے کی مہم اگر قوم پرستی سے ترغیب دینا ہے تو اس کا خیرمقدم ہے ،مگر ملک کے مفاد میں یکجہتی و سالمیت و فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنائے رکھنے کے لئے بھی بیداری مہم چلائے جانے کی ضرورت ہے ،تاکہ اس وقت جو ملک میں نفرت کے جذبات پیدا کیئے جارہے ہیں ،اس پر قدغن لگ سکے ،لیکن بی جے پی کبھی نہیں چاہے گی کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم ہو ،کیوں کہ ان کی سیاست ہی نفرت پر منحصر ہے ۔ترنگا کتنا بھی لہرا لیا جائے ،مگر جب تک ملک کی یکجہتی و سالمیت مضبوط نہیں ہوگی ،تب تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ ملک کی آزادی میں آر ایس ایس کو چھوڑ کر سبھی طبقات کی حصہ داری رہی ہے ،جنہوں نے اپنی جان قربان کر ملک کو آزاد کرایا ،مگر بی جے پی ملک کی آزادی میں جان گوانے والوں کو نظر انداز کر اب ایسے لوگوں کو آزادی کا ہیرو بتا رہی ہے ،جن کی آزادی میں کوئی حصہ داری نہیں رہی ہے ۔یہ کسی سے مخفی نہیں ہے کہ لاکھوں مسلمانوں نے ملک کی آزادی کے لئے اپنی جان و مال سب کچھ قربان کر دیا ،مگر آج انہیں شک کی نظروں سے دیکھا، و استحصال کیا جا رہا ہے ۔آئین و جمہوریت کو روندا جارہا ہے ۔آج حالات یہ ہے کہ ملک کے لئے قربانی دینے والوں سے حب الوطنی کا سرٹیفیکٹ مانگا، اور جو انگریزوں کے مخبر تھے ،ان کی مدح سرائی کر دیش بھکت بتایا جا رہا ہے ۔مسائل سے پریشان لوگوں کے مسائل سے نجات دلانے کے برعکس روز بروز نئے نئے ایسے ایشو لاکر نشر و اشاعت کی جارہی ،جس کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔