ترکیہ: کرد دہشت گردوں کی میزبانی پر فرانسیسی سفیر کی طلبی

   

انقرہ :ترکی کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز فرانسیسی سفیر کو طلب کر کے دو شامی کرد دہشت گرد گروپوں کے ارکان کی میزبانی کرنے پر فرانس کی سینیٹ کی مذمت کی۔ترکی کی وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے انادولو ایجنسی نے کہا کہ وزارت کے حکام نے ترکی میں فرانس کے سفیر ہیروے میگرو کو بتایا کہ انقرہ شامی کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس (وائی پی جی) اور خواتین کے تحفظ کے یونٹس (وائی پی جے ) کے ارکان کی فرانسیسی سینیٹ کی میزبانی اور ان کی عزت افزائی کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ترکی کو امید ہے کہ فرانسیسی حکام ان گروپوں کو بین الاقوامی قانونی حیثیت فراہم کرنے کی کوششوں کو کریڈٹ نہیں دیں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ ترکی نے فرانسیسی حکام سے اپنی سرحدوں اور ترک عوام کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شام کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے حمایت اور اتحاد کے جذبہ کے مطابق یکجہتی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے ۔